۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
علامہ مقصود ڈومکی

حوزہ/ شکار پور؛ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی کی قیادت میں ایک وفد نے ایس ایس پی امجد شیخ سے ملاقات اور عزاداری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ملاقات میں درگاہ حاجی لطیف شاہ پر سالانہ مجلس عزاء اور علم غازی عباس علمدار علیہ السّلام کے بیرک کی تبدیلی اور محکمہ اوقاف کے مینیجر کی جانب سے جاری کردہ متنازعہ نوٹیفکیشن کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق، ملاقات میں ایم ڈبلیو ایم سندھ کے صوبائی جنرل سیکرٹری چوہدری اظہر حسین، ضلعی صدر اصغر علی سیٹھار، شیعہ ورکنگ ریلیشن کمیٹی کے چیئرمین سید بشارت حسین شاہ، شیعہ علماء کونسل کے ڈویژنل جنرل سیکریٹری علی احمد برڑو، وارثان شہداء کمیٹی کے وائس چیئرمین زاہد حسین، اصغریہ آرگنائزیشن کے رہنما انعام علی آغانی، مولانا مہدی رضا قمی اور مولانا احسن عباس جعفری و دیگر شریک تھے۔

شکار پور؛ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی کی قیادت میں وفد کی ایس ایس پی سے ملاقات

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ محکمہ اوقاف کی مسجد میں فرقہ پرست ملا کی متنازعہ گفتگو ناقابل قبول ہے۔ درگاہ حاجی لطیف شاہ کا متولی مہر خاندان 1945ء سے درگاہ کے سجادہ نشین کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہا ہے۔ جن کا تعلق اہل تشیع سے ہے۔ محکمہ اوقاف کے مینیجر لاڑکانہ نے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے متنازعہ نوٹیفکیشن جاری کیا جس کو منسوخ کروایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان بھر میں ماہ محرم الحرام کے ابتدائی ایام میں مجالس عزا اور عزاداری بپا کر کے علم پاک کے بیرک نئے کئے جاتے ہیں مجلس عزاء اور عزاداروں پر متعصب ملا کا اعتراض ناقابل قبول ہے۔ سارے معاملے پر صوبائی حکومت کے وزراء سے ہم رابطے میں ہیں امید ہے کہ سندھ حکومت اور وزارت اوقاف جلد متعصبانہ نوٹیفکیشن واپس لیتے ہوئے مجلس عزاء اور عزاداری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرے گی۔ ہم پولیس اور انتظامیہ سے ایام محرم میں قیام امن کے سلسلے میں مکمل تعاون کرتے ہیں اور ان سے بھی مکمل تعاون کی امید رکھتے ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی امجد شیخ نے کہا کہ ماہ محرم الحرام اور ایام عزاء میں پولیس اور عزاداروں کا باہمی تعاون قیام امن کی ضمانت ہے۔ ہم نے ہمیشہ عزاداروں کے ساتھ تعاون کیا ہے کیونکہ ہم عوام کی خدمت کے لئے یہاں بیٹھے ہیں۔

اس موقع پر کچے میں ڈاکوؤں کی کاروائیوں اور ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغواء برائے تاوان اور پولیس کے جوانوں پر ڈاکوؤں کے حملے سمیت امن و امان کی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .